تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ن لیگ شہبازشریف کی قربانی دینےجارہی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو الیکشن اخراجات کو روکنے کا اختیار نہیں، سپریم کورٹ کے حکم پر عملدر آمد پوری قوم کا فرض ہے، قوم نے عدالت کے حکم پرپہرہ نہ دیاتوحقوق ختم ہوجائیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لندن پلان کے تحت پورا کھیل کھیلا جا رہا ہے، ن لیگ شہبازشریف کی قربانی دینےجارہی ہے، اور انہیں نااہل کروانے کی کوشش کی جارہی ہے، شہباز شریف وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کے مشورے پر چلے تو کھڈے میں گریں گے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اس وقت ملکی سلامتی کوخطرہ ہے، سب کا مل بیٹھنا پاکستان کے لئے بہت ضروری ہے، ہم عام انتخابات پر بات چیت کرنا چاہتے ہیں، لیکن آئین کے خلاف مل کر نہیں بیٹھ سکتے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ حکمران توشہ خانہ کا ریکارڈ بھی کھا گئے ہیں، موجودہ ریکارڈ ہی سامنے لایا جائے، مریم نواز نے بی ایم ڈبلیو اور گھڑیاں لیں، توشہ خانہ پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہونا چاہئے۔