راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ احسن اقبال، خواجہ آصف مذاکرات کے راستے میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں،مولانا فضل الرحمان مذاکرات سے انکاری ہیں۔
پیر کو یوم مزدور کے موقع پر راولپنڈی میں پی ٹی آئی کی جانب سے مری روڈ پر ریلی کا انعقاد کیا گیا، پارٹی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ریلی میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پارٹی کارکن ریلی کے آغاز میں علامہ اقبال پارک کے باہر جمع ہوئے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف آئین پاکستان بچاؤ تحریک کا آغاز کررہی ہے۔حکومتی مذاکراتی ٹیم کو ان کی خواہش پر مہلت دی ہے۔
شاہ محمو دقریشی نے کہاکہ مخصوص طبقہ آئین پاکستان کو روند کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، سپریم کورٹ نے فیصلے کے ذریعے آئین کی تشریح کردی ہے۔آج پی ڈی ایم کے تمام جماعتیں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف جارہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ خواجہ آصف، احسن اقبال مذاکرات کے راستے میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں، مولانہ فضل الرحمان پی ڈی ایم کے صدر ہے وہ بھی مذاکرات سے انکاری ہیں۔