پاکستان میں سالانہ 4ارب ڈالر کی خوراک ضائع ہونے کا انکشاف 

 اسلام آباد:پاکستان دنیا کے افلاس زدہ 121ممالک کی فہرست میں 99ویں نمبر پر ہے تاہم یہاں سالانہ 4ارب ڈالر کی خوراک ضائع ہونے کا خوفناک انکشاف سامنے آیا ہے۔

وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے چشم کشا رپورٹ میں وجوہات بھی بتا دیں، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی عوام سالانہ 19.6ملین ٹن خوراک ضائع کر دیتے ہیں، جو ملکی پیداوار کا تقریبا 26فیصد ہے۔

رپورٹ کے مطابق اجناس اور پھلوں کو محفوظ کرنے کی عدم سہولیات کے باعث دکاندار اور صارفین غذائی اشیا استعمال کی تاریخ ختم ہونے پر ضائع کر دیتے ہیں۔

 اس کے علاوہ گھروں اور کھانے پینے کے مراکز پر ضرورت سے زائد کھانے بنانا بھی پاکستانیوں کی روش اور خوراک کے ضیاع کی ایک بڑی وجہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک پاکستانی گھرانہ اوسطا اپنی ماہانہ آمدن کا 50.8فیصد خوراک پر خرچ کرنے پر مجبور ہے۔