سلمان خان کا آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے ساتھ اپنے کیرئیر کا سب سے بڑا معاہدہ

ممبئی: بالی ووڈ اسٹار سلمان خان نے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے ساتھ اپنے کیرئیر کا سب سے بڑا معاہدہ طے کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم زی فائیو کے ساتھ 500 کروڑ روپے کا معاہدہ کر لیا ہے جس کے تحت آئندہ 5 سال تک ریلیز ہونے والی اداکار کی ساری فلموں کے حقوق زی فائیو کے پاس ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ رواں سال جنوری کے بعد تمام آنے والی فلموں کے سیٹلائٹ حقوق پر زی فائیو کا اختیار ہوگا جبکہ ’کسی کا بھائی کسی کی جان اس ڈیل کے بعد زی فائیو پر اسٹریم کی جانے والی پہلی فلم ہوگی۔

اس سے قبل سلمان خان کی فلم ’رادھے‘ بھی زی فائیو پر اسٹریم کی گئی تھی جس نے سنیما گھروں میں تو خاص کامیابی نہ سمیٹی تاہم پلیٹ فارم پر ریکارڈ توڑ دیے تھے۔

یاد رہے کہ سلمان خان حال ہی میں فلم کسی کا بھائی کسی کی جان میں دکھائی دیئے تھے جس کے بعد اب وہ جلد ٹائیگر 3 میں جلوہ گر ہوں گے۔