آریان خان گرفتاری کیس: شاہ رخ خان کی این سی بی افسر کیساتھ واٹس ایپ چیٹ لیک

بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد  شاہ رُخ خان اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سابق زونل چیف سمیر وانکھیڑے کے درمیان ہونے والی گفتگو لیک ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان دنوں سمیر وانکھیڑے  آریان منشیات کیس میں اپنے اوپر لگنے والے رشوت خوری کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں، ان پر سی بی آئی نے  الزام عائد کیا کہ وہ اپنے افسران کو علم میں لائے بغیر معاملے کی جانچ پڑتال کر رہے تھے اور انہوں نے کنگ خان کے بیٹے آریان کو رہا کرنے کے لیے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔

 اب سی بی آئی  کے سابق افسر سمیر وانکھیڑے کی جانب سے ممبئی ہائیکورٹ میں گزشتہ روز سماعت کے دوران اپنے اور شاہ رُخ خان کے درمیان ہونے والی واٹس ایپ چیٹس کے اسکرین شاٹس جمع کرائے گئے ہیں جس میں شاہ رخ خان اِن سے اپنے بیٹے آریان خان کو آزاد کرنے کی التجا کر رہے ہیں۔

واٹس ایپ کی لیک چیٹ:

بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ وائرل چیٹ کے مطابق شاہ رخ خان نے سمیر وانکھیڑے کو پہلا پیغام 3 اکتوبر 2021 کو بھیجا تھا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ 'سمیر صاحب، کیا میں آپ سے چند منٹ بات کر سکتا ہوں؟ میں جانتا ہوں کہ یہ قانونی طور پر درست نہیں ہے لیکن ایک باپ کی حیثیت سے، میں آپ سے بات کرنا چاہتا ہوں، آپ نے مجھے جو معلومات فراہم کی ہیں اس کے لیے میں آپ کا شکریہ ادا نہیں کرسکتا، مجھے امید ہے کہ وہ (آریان) ایک ایسا شخص بن جائے گا جس پر آپ اور مجھے فخر ہوسکتا ہے'۔

سوشل میڈیا پر وائرل چیٹ کے اسکرین شاٹس
سوشل میڈیا پر وائرل چیٹ کے اسکرین شاٹس

جواب میں سمیر وانکھیڑے کا کہنا ہے کہ بحیثیت ایک باپ کے میں صورتحال کو سمجھتا ہوں، فکر نہ کریں سب ٹھیک ہو جائےگا۔

اس پر شاہ رُخ خان کہتے ہیں کہ پلیز میرے بیٹے کو گھر بھیج دیں، ایک باپ ہونے کے ناطے میں آپ سے درخواست کرتا ہوں۔

سمیر نے جواب میں کہا کہ ڈیئر شاہ رخ، میری خواہش ہے کہ میں آپ کو ایک دوست کی حیثیت سے اس صورتحال کی وضاحت کر سکتا نہ کہ زونل ڈائریکٹر کے طور پر۔

سوشل میڈیا پر وائرل چیٹ کے اسکرین شاٹس
سوشل میڈیا پر وائرل چیٹ کے اسکرین شاٹس

اس پر شاہ رخ کا کہنا تھا کہ پلیز میرے بیٹے کو گھر بھیج دیں، ایک باپ ہونے کے ناطے میں آپ سے درخواست کرتا ہوں، یہ ایک باپ سے ایک باپ کی درخواست ہے، میں اپنے بچوں سے اتنا ہی پیار کرتا ہوں جتنا آپ اپنے بچوں سے کرتے ہیں، سمیر پلیز میرا بھروسہ مت توڑیں، ورنہ میرا آپ اور سسٹم پر سے اعتماد اٹھ جائےگا۔

شاہ رُخ خان کا  میسج میں مزید کہنا تھا کہ برائے مہربانی ایک بار مجھ سے بات کریں، میں آپ سے باپ بن کر بات کروں گا، آپ قانون کے دائرے میں رہ کر میری مدد کر سکتے ہیں، میں ہمیشہ آپ کا مقروض رہوں گا، گھر والے اسے کسی بھی قیمت پر گھر لانا چاہتے ہیں۔

جس پر سمیر کا کہنا تھا کہ شاہ رخ، کاش میں آپ سے ایک دوست کی طرح بات کر سکتا اور سارا معاملہ سمجھا سکتا، میں اس بچے (آریان) کو اچھا ماحول دینا چاہتا ہوں، اس کی بھلائی کے لیے سوچنا چاہتا ہوں، لیکن کچھ فضول لوگ اپنی خود غرضی کے لیے اس کام کو خراب کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔