تیرے بن کی رائٹرکے ذہن میں ہیروئن کیلئے یمنیٰ کے علاوہ کس اداکارہ کا نام تھا؟

مقبولیت کے کئی ریکارڈز اپنے نام کرنے والے سپر ہٹ ڈرامہ سیریل تیرے بن کی رائٹر نے ڈرامے کی کاسٹ سے متعلق کچھ انکشافات کیے ہیں۔

 ایک انٹرویو کے دوران رائٹر نوراں مخدوم نے بتایا کہ ان کے ذہن میں مرتسم کے کردار کے لیے کوئی اداکار نہ تھا، جب کہ انہوں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ اس کردار کو اداکار وہاج علی نبھائیں گے۔

نوراں نے کہا 'میں نے کہا تھا کہ ہیرو آپ کوئی بھی لے لیں، لیکن لڑکیوں کا نام میں نے لیا تھا، میں نے میرب کے کردار کے لیے یمنیٰ زیدی اور ہانیہ عامر کا نام لیا تھا'۔

رائٹر نے کہا 'وہاج نے کافی کام کیا ہے اور اچھا کام کیا ،لیکن مجھے لگتا ہے اس نے اس سے پہلے کسی ڈرامے میں ایسا کردار ادا نہیں کیا'۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والی یمنیٰ زیدی نے بھی ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ 'میرب' کے کردار کے لیے پاکستان کی نامور اداکاراؤں نیلم منیر اور عائزہ خان سے رابطہ کیا گیا تھا۔

یمنیٰ زیدی کے مطابق دونوں اداکاراؤں نے اس کردار کو کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

خیال رہے کہ ڈرامے میں وہاج علی، یمنیٰ زیدی اور سبینہ فاروق مرکزی کرداروں میں دکھائی دے رہے ہیں۔

سبینہ فاروق نے ڈرامے میں حیا کا کردار نبھایا ہے جو کہ ایک منفی کردار ہے۔