کراچی: معروف سینئر اداکار بہروز سبزواری نے خود سے منسوب فوج کے خلاف لیک ہونے والے آڈیو بیان کی حقیقت کھول کر رکھ دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر وائرل ہونے والے ایک آڈیو بیان میں فوج کے خلاف انتہائی نازیبا زبان ادا کی گئی تھی اور سوشل میڈیا پر اس آڈیو بیان کو اداکار بہروز سبزواری سے منسوب کیا جا رہا تھا۔
بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری تحرک انصاف کے زبردست حامی رہے ہیں اور ٹوئٹر و انسٹاگرام پر سابق وزیراعظم عمران خان کی برملا حمایت بھی کرتے نظر آتے رہے ہیں۔
تاہم والد بہروز سبزواری سے منسوب لیک آڈیو بیان کی وضاحت کرتے ہوئے شہروز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر والد کی ایک ویڈیو جاری کی ہے۔
ویڈیو میں اداکار بہروز سبزواری نے آڈیو بیان کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میری آڈیو جعلی طور پر بنائی گئی ہے۔ میں نے کبھی فوج کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔
بہروز سبزواری نے فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فوج ہمارا طرۂ امتیاز ہے جس نے اس ملک اور عوام کے لیے ہمیشہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں اور ہم بھی فوج کے لیے اپنی جان قربان کرسکتے ہیں۔
اداکار نے مزید کہا کہ جو لوگ فوج کے خلاف خبریں پھیلا رہے ہیں، اللہ ان سے پوچھے گا۔ جن لوگوں کی دل آزاری ہوئی میں ان کو بتا دوں کہ یہ سب جھوٹ ہے۔