گوری خان نے مجھے کبھی کوئی تحفہ نہیں دیا، شاہ رخ خان کا شکوہ

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں شکوہ کیا ہے کہ ان کی اہلیہ گوری خان نے انہیں کبھی کوئی تحفہ نہیں دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے فرح خان کے شو میں بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ گوری خان نے کبھی ان کے لئے کوئی تحفہ نہیں خریدا۔

شاہ رخ خان نے بتایا کہ گوری خان ہمیشہ یہ کہہ کر بہانہ بناتی ہیں کہ میں ایسے انسان کو کیا تحفہ دوں جس کے پاس مجھ سمیت دنیا کی ہر شے ہے۔

کنگ خان نے ماضی کا ایک قصہ سناتے ہوئے کہا کہ ’ایک بار مجھے ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ لگی تھی، جس کی وجہ سے مجھے لندن میں کچھ عرصہ قیام کرنا پڑا، اس دوران میں نے ایک دُکان سے ٹی شرٹ خریدی جو سائز میں بڑی تھی تو میں نے گوری سے درخواست کی کہ وہ مذکورہ ٹی شرٹ واپس کروا کر کاٹن کی چھوٹے سائز کی ٹی شرٹ خرید کر لا دیں۔

اداکار نے بتایا کہ ان کی اہلیہ دُکان پر گئی اور واپس آکر کہا کہ وہ لوگ ٹی شرٹ واپس نہیں لے رہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے کچھ دنوں کے بعد ان کے دو دوست پامیلا اور کاجل ان سے ملنے آئے تو اُنہوں نے انکشاف کیا کہ اُس ٹی شرٹ کے ساتھ کیا ہوا۔

شارخ خان نے بتایا کہ ان کے دوستوں نے انہیں بتایا کہ گوری خان نے وہ شرٹ واپس کروا کر اس کے بدلے اپنے لئے نیا بیگ خرید لیا تھا اور کہا کہ شاہ رخ اسپتال میں ہیں لہٰذا انہیں نئے کپڑوں کی ضرورت نہیں ہے۔