ڈالرلاؤ، ٹیکس بچاؤ، نئے بجٹ میں اوورسیز کیلئے پرکشش سکیم لانے کی تجویز 

کراچی:حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کو پرکشش سہولیات اورملک کو ڈالروں کی فراہمی یقینی بنانے کی سکیم متعارف کروانے کی تجویزسامنے آئی ہے، جس سے ترسیلات زراور زرمبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔

حکام کے مطابق آئی ایم ایف کسی بھی قسم کی ایمنسٹی اسکیم کی پہلے ہی مخالفت کر چکا ہے۔ اس لئے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایمنسٹی اسکیم کے بجائے رعائتی اسکیم شروع کرنے کا پلان ہے، جس سے سریا، اسٹیل، الیکٹرانکس، فرنیچر، ٹائلزوغیرہ سمیت 70 ذیلی صنعتوں کا پہیہ چلے گا۔

ایف بی آر حکام کے مطابق موجودہ مالی سال کے ابتدائی دس ماہ میں 13 فیصد کمی کے ساتھ جو ترسیلات زر22 ارب 74 کروڑ ڈالر رہ گئیں۔

مجوزہ اسکیم کے مطابق پراپرٹی کی خریدری پر ادائیگی ڈالرز میں بیکنگ چینلز کے ذریعے کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ٹیکس مراعات ملیں گی، اسٹیل اور ٹائلز سمیت بعض تعمیراتی سامان پرریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کی تجویز بھی دی گئی ہے،تعمیراتی سامان پر ڈیوٹی ٹیکس میں 15 فیصد کمی کی تجویز بھی سامنے آگئی۔

مجوزہ اسکیم کے اجرا سے ترسیلات زراورزرمبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے، اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تعمیراتی شعبے سے متعلقہ بجٹ سفارشات مانگ لی ہیں۔