کاجول نے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی

بالی ووڈ کی معروف اور خوبرو اداکارہ کاجول نے سماجی رابطوں کے تمام پلیٹ فارمز سے وقفہ لے لیا ہے۔

بھارتی اداکارہ نے اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پیغام جاری کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اداکارہ نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ہی پوسٹ شیئر کی ہے اور کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا سے بریک لے رہی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی اداکارہ نے ایک تصویر بھی شیئر کی ہے جس پر تحریر ہے کہ ’اس وقت اپنی زندگی میں مشکل ترین آزمائش سے گزر رہی ہوں‘۔

اداکارہ نے فیس بُک اور ٹوئٹر پر سوشل میڈیا سے بریک لینے کا اعلان کیا ہے تاہم انسٹاگرام پر اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی تمام سابقہ تصاویر ڈیلیٹ کردی ہیں۔

واضح رہے کہ کاجول انسٹاگرام پر خاصی متحرک رہتی ہیں، پوسٹس ڈیلیٹ کیے جانے سے قبل کاجول کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان کی فیملی اور شوہر اجے دیوگن سمیت ، فلمی کیرئیر کی کئی تصاویر موجود تھیں جنہیں اب ڈیلیٹ کردیا گیا ہے۔

اداکارہ کے پوسٹ ڈیلیٹ کیے جانے ساتھ ساتھ شیئر کیے گئے پیغام کے باعث ان کے مداح پریشان ہوگئے ہیں ۔