کراچی: ماضی کی مقبول جوڑی سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے خود پر ہونے والی تنقید پر ردِعمل دے دیا۔
سائرہ اور شہروز ان دِنوں اپنی آنے والی فلم ’بے بی لیشس‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور کئی انٹرویوز دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔ تاہم طلاق کے بعد ایک ساتھ فلم اور اس کی تشہیر پر سابقہ جوڑی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
خود پر ہونے والی تنقید پر ردِعمل دیتے ہوئے سائرہ اور شہروز کا کہنا ہے کہ انہیں ایک ساتھ فلم کی تشہیر کرنے میں کوئی مسائل پیش نہیں آرہے کیونکہ وہ دونوں مثبت سوچ رکھتے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ آپ دونوں اب میاں بیوی نہیں رہے تو کیا ایک ساتھ فلم کی پروموشن میں مشکل پیش آرہی ہیں؟
سوال کے جواب میں شہروز نے انکار کیا جبکہ سائرہ یوسف نے کہا کہ ہمیں اس لئے مشکل پیش نہیں آئی کیونکہ ہم ایک بچی کے والدین بھی ہیں اور اس لئے ہمارا ایک دوسرے کے ساتھ اچھا تعلق ہے۔
سائرہ کا کہنا تھا کہ بیٹی کی وجہ سے ہم بات چیت کرتے ہیں اور ہمارا آپس میں تعلق اچھا ہے اس لیے ہم بغیر کسی پریشانی کے ایک ساتھ فلم کی پروموشن کرسکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر سائرہ کا کہنا تھا کہ وہ کمنٹس نہیں پڑھتی اور اپنی نجی زندگی اور کام کو الگ رکھتی ہیں۔
سائرہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا بہت اچھا پلیٹ فارم ہے جہاں آپ اپنے کام کو پروموٹ کرسکتے ہیں تاہم یہ ضروری نہیں کہ آپ اپنی ذاتی زندگی کو بھی عام کریں۔
یاد رہے کہ شہروز اور سائرہ کی رومانوی فلم ’بے بی لیشیئس‘ کو عیدالضحیٰ پر پاکستان کے سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔