بھارتی ڈراموں کی مایہ ناز اداکارہ اور رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 14 کی فاتح روبینہ دلیک کی گاڑی کو ممبئی میں حادثہ پیش آیا ہے، اداکارہ اس وقت صدمے کی کیفیت میں ہیں۔
روبینہ دلیک کی گاڑی کو 10 جون بروز ہفتے کو ٹرک نے ٹکر ماری جس کی اطلاع ان کے شوہر اداکار ابھینو شکلا نے ٹوئٹر پر دی، بعدازاں روبینہ نے بھی ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا۔
ابھینو شکلا نے ٹوئٹ میں دو گاڑیوں کی تصاویر پوسٹ کیں جنہیں نقصان پہنچا تھا اور لکھا 'یہ ہمارے ساتھ ہوا، آپ کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے، فون میں مصروف ٹریفک سگنلز توڑنے والے احمقوں سے ہوشیار رہیں، روبینہ اس وقت گاڑی میں تھیں جسے طبی امداد کے لیے لے جایا گیا'۔
اداکارہ کے شوہر نے ممبئی پولیس سے بھی اس واقعہ پر کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔
دوسری جانب روبینہ دلیک نے اپنی ٹوئٹ میں طبیعت سے متعلق بتایا 'اس حادثے میں میرے سر اور کمر کے نچلے حصے میں چوٹ لگی ہے جس کی وجہ سے میں گہرے صدمے میں مبتلا ہوں'۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے میڈیکل ٹیسٹ کروائے ہیں اور سب ٹھیک ہے۔
روبینہ نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا 'لاپرواہ ٹرک ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے، لیکن نقصان ہوچکا ہے! میں آپ سب سے گزارش کرتی ہوں کہ سڑک پر لاپرواہی نہ برتیں '۔