سیئول: جنوبی کوریا میں سونا فراہم کرنے والی وینڈنگ مشینیں تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔ نو ماہ کے عرصے میں ان مشینوں سے دو کروڑ ڈالر کا سونا خریدا گیا ہے۔
اس ضمن میں پہلی مشین کچھ ماہ قبل سیئول میں لگائی گئی تھی جو بہت مقبول ہوئی۔ دوسری جانب مہنگائی اور کسادبازاری کے خوف سے کوریائی عوام دھڑادھڑ سونا خرید رہی ہے۔ اسی ضرورت کے تحت اب ایسی کئی گولڈ ای ٹی ایم لگائی گئی ہیں۔
جنوبی کوریا کی مشہور کمپنی جی ایس ریٹیل نے یہ اے ٹی ایم لگائے ہیں جو پہلے ہی ہزاروں اسٹور کی مالک بھی ہے۔ کمپنی کے مطابق مشین میں رقم یا کریڈٹ کارڈ ڈال کر 0.13 اونس سے لے کر 1.3 اونس تک پانچ مختلف وزن کی سونے کی ٹکیہ اور سکے حاصل کرسکتے ہیں۔ ان میں سے چھوٹی مقدار کا سونے کا سکہ سب سے زیادہ فروخت ہورہا ہے جس کی قیمت 225 ڈالر ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اس کی خریداری میں غیرمعمولی دلچسپی لے رہی ہیں۔ ان کے مطابق یہ ایک طرح کی سرمایہ کاری اور بچت کا طریقہ ہے۔ واضح رہے کہ پوری دنیا کی طرح کوریا میں بھی سونے کی قیمت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔