پاکستان کے علاوہ کہیں نہیں رہ سکتی ، سنیتا مارشل

ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل کا کہنا ہے کہ وہ پوری دنیا کا سیاحتی سفر کر سکتی ہیں لیکن مستقل طور پر رہنے کی بات آئے تو پاکستان سے بہتر اور کوئی جگہ نہیں ہے۔

سنیتا مارشل نے یوٹیوبر نادر علی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں اور شوبز انڈسٹری سے متعلق بات کی۔

واضح رہے کہ اداکارہ کے شوہر حسن احمد پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار ہیں، دونوں کی شادی 2008 میں ہوئی تھی، جبکہ دونوں کے دو بچے بھی ہیں، جن میں سے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔

اداکارہ سنیتا مارشل نے سنہ 2000 میں شوبز میں قدم رکھا تھا، ابتدائی سالوں میں انہوں نے ماڈلنگ میں خوب نام کمایا، بعد ازاں سنیتا نے اداکاری کے میدان میں بھی خوب پذیرائی حاصل کی۔

پوڈکاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے اداکارہ سنیتا مارشل کا کہنا ہے کہ میرا ایک خواب ہے کہ میں نے دنیا کی ہر جگہ دیکھنی ہے، میں ہر سال کوشش ہوتی ہے کہ سال بھر کام کریں، اور چونکہ ٹکٹس بہت مہنگی ہوگئی ہیں اس لیے پیسے جمع کر کے ہر سال ایک نئے سیاحتی سفر پر جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کئی ممالک کا سفر کرچکے ہیں، اور ابھی بہت ساری جگہیں ہیں جہاں مجھے جانا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ’لیکن جہاں تک رہنے کا تعلق ہے تو میں پاکستان کے علاوہ کہیں نہیں رہ سکتی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میرا پورا خاندان انگلینڈ میں رہتا ہے، میری ایک بہن امریکا میں رہتی ہے دوسرا بھائی کینیڈا میں رہتا ہے، لیکن میں نے کہیں نہیں جانا، مجھے پاکستان میں ہی رہنا ہے۔‘

جس پر میزبان نے کہا کہ ’آپ کو یہی رہنا ہے جہاں ملک میں ڈکیتی اور فائرنگ ہورہی ہے‘۔

جس پر سنیتا نے جواب دیا کہ ’یہ سب بھی ہے لیکن ساتھ میں خوشیاں بھی ہیں، میرے خیال میں اگر آپ مالی طور پر خوشحال ہیں تو پاکستان رہنے کے لیے بہترین جگہ ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اگر آپ کے پاس وسائل ہیں تو مجھے نہیں لگتا پاکستان سے بہتر کوئی اور ملک ہوسکتا ہے۔

میزبان کے سوال پر اداکارہ کہتی ہیں کہ ان کا ذاتی بینک اکاؤنٹ نہیں ہے بلکہ ان کا ان کے شوہر کے ساتھ جوائنٹ اکاؤنٹ ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ ہم سال بھر کام کرکے چھٹیوں میں گھومنے جاتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ انہیں سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، ملک میں پہلے ہی بہت سارے لوگ سیاست پر بات کرنے والے موجود ہے، ضروری نہیں کہ ہر کوئی اس پر بات کرے، 100 لوگوں میں سے اگر صرف میں نہیں بات کر رہی تو اس میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

اداکارہ نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے پوری دنیا میں ٹرینڈ کر رہے ہیں، اس کا اندازہ ہمیں تب ہوتا ہے جب ہمیں دوسرے ممالک سفر کرنے جاتے ہیں اور وہاں کے لوگ پاکستانی ڈراموں کی تعریف کرتے ہیں۔

سنیتا نے کہا کہ بھارت، نیپال، بنگلادیش، سری لنکا، برطانیہ، امریکا میں بہت سارے لوگ پاکستانی ڈرامے دیکھتے ہیں۔