فی تولہ سونے کی قیمت میں سینکڑوں روپے کی بڑی کمی

ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر فی تولہ سونے کی قیمت میں سینکڑوں روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی کے باعث اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں سترہ امریکی ڈالر کی گراوٹ دیکھنے کو ملی جس کے بعد نئی قیمت ایک ہزار 934 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار 800 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور نئی قدر دو لا کھ 18 ہزار 700 روپے ہو گئی ہے۔

اُدھر دس گرام سونے کی قیمت میں 1543 روپے کی بڑی کمی دیکھی گئی اور نئی قدر ایک لاکھ 87 ہزار 500 روپے ہو گئی ہے۔

تاہم فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمتوں میں بھی 50 روپے اور 42.87 روپے کی گراوٹ دیکھی گئی ، قدریں بالترتیب 2550 روپے اور 2186.21 روپے ہو گئی ہے۔

سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی بدترین مندی ریکارڈ کی گئی۔ 100 انڈیکس 432.24 پوائنٹس کھو بیٹھا اور نئی سطح 40220.79 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گئی۔

مندی کے باعث پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.06 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 4 کروڑ 75 لاکھ 17 ہزار 62 شیئرز کا لین دین ہوا، مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 70 ارب روپے کا نقصان ہوا۔