سارہ نیلم نے اوور سیز پاکستانیوں سے متعلق بیان پر معافی مانگ لی

کراچی: ماڈل و اداکارہ سارہ نیلم نے نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں اوور سیز پاکستانیوں سے متعلق دیے گئے اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔

سارہ نیلم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کچھ ٹائم پہلے میں نے مذاق رات شو میں شرکت کی تھی جس کے کلپس دو دن پہلے وائرل ہوئے ہیں جس سے میرے اوور سیز بہن بھائیوں کو کافی تکلیف پہنچی ہے، میری بات کا مقصد کسی کی دل آزاری بالکل نہیں تھا۔

سارہ نیلم نے کہا کہ مذاق رات شو اسکرپٹڈ ہوتا ہے اور مجھے بھی بولا گیا تھا کہ اگر کوئی چیز بری لگے تو وہ مذاق ہوگا اسے سیریس مت لینا، شروع سے لیکر آخر تک ویڈیو میں ہنسی مذاق ہی چل رہا ہے لیکن مجھے نہیں پتا تھا کہ میری بات لوگوں کو اتنی زیادہ بری لگے گی۔

سارہ نیلم نے کہا لوگوں کے سوشل میڈیا پر میرے خلاف تبصروں سے مجھے کتنی تکلیف پہنچی اور میں ذہنی طور پر کتنی ڈپریس ہوئی ہوں۔

سارہ نیلم نے کہا کہ انسان سے غلطی ہوجاتی ہے، اللہ بھی غلطیاں معاف کردیتا ہے تو آپ لوگ بھی معاف کرسکتے ہیں، آپ لوگ نہیں جانتے کہ مجھے کتنے مسائل ہورہے ہیں، میری فیملی بھی میرے ساتھ پریشانی میں ہے، میں ایک عزت دار فیملی سے ہوں، امید ہے آپ لوگ مجھے معاف کردیں گے۔