اسمارٹ فون کے سب سے زیادہ دیوانے کس ملک میں ہیں؟

موجودہ دور میں اسمارٹ فون لگژری سے نکل کر ضرورت زندگی بن چکا ہے لیکن نوجوان تو اس کے دیوانے ہیں جو اس کے بغیر زندگی کو بے رونق سمجھتے ہیں۔

زندگی جیسے جیسے ترقی کرتی جا رہی ہے ویسے ویسے مادی اشیا ہماری زندگی میں شامل ہوتی جا رہی ہیں۔ موبائل فون نے جب اسمارٹ فون کا روپ اختیار کیا تو پہلے یہ لگژری میں شمار ہوتا تھا لیکن اب گزرتے وقت کے ساتھ یہ زندگی کی ضرورت بن چکا ہے اور کئی امور کی ادائیگی اس کے بغیر مشکل بن جاتی ہے۔

اسمارٹ فون کے سب سے زیادہ رسیا نوجوان ہیں جنہوں نے اس کے بغیر زندگی کو بے رونق سمجھنا شروع کر دیا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں اسمارٹ فون کے سب سے زیادہ دیوانے کس ملک میں رہتے ہیں؟ ہر دوسرے نوجوان کے ہاتھ میں اسمارٹ فون دیکھ کر اگر آپ پاکستان کا نام لیتے ہیں تو آپ کا اندازہ بالکل غلط ہیں۔

معیشت، سائنس، تعلیم، سفر، آرٹس، ٹیک، ڈیموگرافی، جغرافیہ، سیاست، ملٹری، نقشے، کھیل وغیرہ سے متعلق عالمی اعداد و شمار پر مبنی معلومات فراہم کرنے والے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ نے دنیا کے ان سرفہرست 24 ممالکی کی نئی فہرست جاری کی ہے جن میں اسمارٹ فون کی لت سے زیادہ پائی جاتی ہے اور یہ فہرست ایک سروے کے بعد مرتب کی گئی ہے جس میں نوجوانوں کو شامل کیا گیا تھا تاہم حیران کن طور پر اس فہرست میں پاکستان کا نام نہیں ہے۔

گلوبل انڈیکس کی اس حوالے سے جاری کردہ تازہ فہرست بہت سارے افراد کے لیے حیران کن ہوگی کہ دنیا کی سب سے بڑی آبادی والا ملک بھارت بھی اس میں ٹاپ 15 میں جگہ نہیں پاسکا ہے اور ابتدائی دس سر فہرست ممالک میں کئی چھوٹے اور غریب ممالک شامل ہیں۔

گلوبل انڈیکس کے مطابق وہ ممالک جہاں اسمارٹ فون کی لت کی شرح سب سے زیادہ ہے اِن میں سرفہرست چین ہے۔ سعودی عرب دوسرے جب کہ ملائیشیا تیسرے نمبر پر ہے۔

اس کے بعد برازیل، جنوبی کوریا، ایران، کینیڈا، ترکی، مصر اور نیپال بالترتیب چوتھے سے دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

اٹلی اسمارٹ فون کی لت میں مبتلا افراد کی فہرست میں 11 ویں نمبر پر ہے اس کے پیچھے آسٹریلیا، اسرائیل، سربیا، جاپان ہیں۔

 
برطانیہ 16 ویں نمبر پر ہے جب کہ بھارت کا اس فہرست میں حیران کن طور پر 17 واں نمبر ہے۔ امریکا بھارت سے ایک قدم پیچھے 18 ویں نمبر پر موجود ہے جس کے بعد رومانیہ، نائجیریا، بلیجیئم، سوئٹزر لینڈ، فرانس اور جرمنی جیسے ممالک کے نام آتے ہیں۔