لاہور: بالی ووڈ کی نئی فلم میں پاکستان کے میگا ہٹ گانے ’ پسوڑی‘ کا ری میک شامل کرنے پر گانے کے مداحوں نے بالی ووڈ کےفلم پروڈیوسر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
بالی ووڈ اداکار کارتک آریان کی نئی فلم میں دنیا بھر کے میوزک چارٹس میں سرفہرست رہنے والے گانے ’پسوڑی‘ کا بھارتی ریمیک شامل کردیا۔بھارتی پروڈیوسر نے ’پسوڑی‘ شاندار کامیابی کے بعد اپنی نئی فلم ’ستیہ پریم کتھا‘ کے لیے گانے کا ریمیک بنانے کا اعلان کیا تھا۔
گلوکار علی سیٹھی اور شائے گل کے گانے پسوڑی کا گلوکار ارجیت سنگھ اور تلسی کمار کی آواز بھارتی ریمیک سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین نے اسے آڑے ہاتھوں لے کر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ریمیک پر تنقید کرنے والوں میں بھارتی بھی شامل ہیں۔
ایک بھارتی خاتون صارف کا کہنا تھا کہ میوزک تو ہے ہی برا گانے کی دھن بھی برباد کردی۔ کیا بالی ووڈ کے پاس سانگ رائٹرز نہیں رہے۔ ایک اور صارف نے گانے کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئےایک اور ’ کاپی ، پیسٹ ‘ لکھا۔ ایک سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ پسوڑی کا ریمیک سمجھ سے باہر ہے۔
ایک صارف نے ریمیک کو فضول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ارجیت سنگھ کی آواز بھی اسے اچھا نہیں بنا سکی۔ علی سیٹھی اور شائے گل نے 2022 میں کوک اسٹوڈیو کے لیے پسوڑی گایا تھا جو ریلیز کے ساتھ ہی میگا ہٹ ہوگیا تھا۔