سلمان خان کو ضرور قتل کرینگے، گولڈی برار

کینیڈا میں مقیم بھارت کو انتہائی مطلوب گینگسٹر گولڈی برار نے ایک بار پھر بالی وڈ سٹار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بالی وڈ اداکار کو ضرور قتل کریں گے۔

بھارت کے مشہور پنجابی سکھ گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے ماسٹر مائنڈ سمجھے جانے والے گولڈی برار کے قریبی ساتھی لارنس بشنوئی کی جانب سے بھی چند ماہ قبل سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

سلمان خان کے قریبی دوست کو بھیجی گئی ای میل میں کہا گیا تھا کہ ہم تمھارے باس (سلمان خان) سے بات کرنا چاہتے ہیں، یقیناً اس نے لارنش بشنوئی کا انٹرویو دیکھا ہو گا، اگر نہیں دیکھا تو اسے دکھا دو، اگر وہ اس معاملے کو ختم کرنا چاہتا ہے تو اسے گولڈی برار سے بات کرنی چاہیے، اگر سلمان خان بالمشانہ ملاقات کرنا چاہتا ہے تو ہمیں بتا دے، اس مرتبہ ہم تمھیں اطلاع کر رہے ہیں لیکن اگلی مرتبہ حیرانی ہو گی۔

اب ایک بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں گولڈی برار نے کہا ہے کہ ہم اسے (سلمان خان) کو قتل کریں گے اور ہم اسے ضرور قتل کریں گے، بھائی لارنس بشنوئی نے کہا تھا کہ ہم معافی نہیں مانگیں گے، بابا اس وقت رحم دکھائیں گے جب وہ رحمدلی محسوس کریں گے۔

اپنے انٹرویو کے دوران گولڈی برار کا کہنا تھا ہم جب تک زندہ ہیں سلمان خان کی طرح اپنے سارے دشمنوں کے خلاف اقدامات اٹھاتے رہیں گے، سلمان خان ہمارا ٹارگٹ ہے اور اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ہم سلمان خان کو قتل کرنے کے لیے کوششیں کرتے رہیں گے، جب ہم کامیاب ہوں گے تو آپ کو پتہ چل جائے گا۔