سیونتھ اسکائے انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل 'تیرے بن' کی مقبولیت نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔
ڈرامہ سیریل 'تیرے بن' نے نہ صرف ریٹنگ چارٹ پر گزشتہ تین سال کی سب سے بلند ترین ریٹنگ کو سر کیا بلکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر 2 اعشاریہ 9 بلین ویوز کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
واضح رہے کہ ڈرامے میں ادکارہ یمنیٰ مرکزی کردار نبھارہی ہیں جب کہ ان کے مقابل اداکار وہاج علی ہیں، ناظرین کی جانب سے دونوں کی جوڑی کو بے حد پسندکیا جارہا ہے۔
ایک انٹرویو میں یمنیٰ زیدی نے انکشاف کیا تھا کہ اُن سے قبل اس ڈرامہ سیریل کی پیشکش صفِ اول کی اداکاراؤں 'عائزہ خان' اور 'نیلم منیر' کو کی گئی تھی مگر دونوں نے یہ پیشکش مسترد کر دی تھی۔
یمنیٰ زیدی کا بتانا تھا کہ یہ ڈرامہ کرنے سے قبل وہ کافی تذبذب کا شکار تھیں کہ اتنی بڑی بڑی اداکاراؤں نے یہ ڈرامہ مسترد کر دیا ہے اور وہ اس میں کردار ادا کریں تاہم ڈائریکٹر نے اُنہیں یقین دلایا کہ وہ یہ ڈرامہ بہت مختلف اور بہترین بنائیں گے، ایسا کہ جسے یاد رکھا جائےگا، اس طرح اُنہیں حوصلہ ہوا اور وہ اس ڈرامے میں کام کرنے پر آمادہ ہوگئیں۔