پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 20 روپے فی لیٹر تک اضافےکا امکان

یکم جولائی سے  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 20 روپے فی لیٹر تک  اضافے کا امکان ہے۔

آئل انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہےکہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپےکمی کا امکان ہے۔

آئل انڈسٹری ذرائع کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافےکا امکان ہے۔

واضح رہےکہ اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 262 روپے اور ڈیزل کی قیمت 253 روپے فی لیٹر ہے، جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت 164روپے7 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 147 روپے 68 پیسے فی لیٹر ہے۔

خیال رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 15 جون کو  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،عالمی منڈی میں گیس اور تیل کی قیمتوں میں تھوڑا سا اضافہ ہوا ہے اور  آج کئی اخبارات نے رپورٹ کیا کہ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے کا اضافہ اور پیٹرول کی قیمت میں چند پیسوں کی کمی ہوگی، میں حیران ہوں کہ میڈیا کو پتہ نہیں یہ خبریں کیسے ملیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا اوگرا نے جو تجاویز دیں اس کے مطابق ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔