کینبیرا: آسٹریلیا میں مقیم ایک ریڈیو میزبان نے 55 گھنٹے اور 26 منٹ تک ریڈیو شو کی میزبانی کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماریو بیکس، جو اصل میں کروشیا سے تعلق رکھتے ہیں، نے اپنے میراتھن ٹاک شو کی میزبانی Alive 90.5 FM پر کی جہاں وہ 2009 سے میزبانی کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
55 گھنٹے سے زائد پر مبنی ریڈو شو کے دوران موسیقی، اشتہارات یا عوام کی کالز شامل کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کو اس کی وجہ بتاتے ہوئے ہیکس کا کہنا تھا کہ یہ شو بہت ہی غیر معمولی ریڈیو شو تھا جس میں عام ’روایات‘ سے ہٹ کر کام کیا گیا تھا۔
طویل نشریات میں کئی مہمانوں کے انٹرویوز اور سامعین کو پیش کردہ مشورے شامل تھے۔ کوشش کے دوران بیکس کی صحت کی نگرانی کے لیے ایک ڈاکٹر موجود تھا۔
شو کے مسلسل 55 گھنٹے اور 26 منٹ کے بعد بیکس کو طویل ترین آڈیو لائیو سٹریم کا ریکارڈ ملا، یہ ریکارڈ اس سے قبل 2020 میں برطانوی ریڈیو کے میزبان میٹ ہال اور ڈین رامسڈن نے 53 گھنٹے اور 1 منٹ میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔