لندن:مائیکروسکوپ کی مدد سے دیکھے جانے والا ہینڈ بیگ 63 ہزار 750 ڈالرز میں فروخت ہوگیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس ننھے ہینڈ بیگ کی پیمائش صرف 657 x222x700 مائیکرو میٹر ہے۔
یہ بیگ نیویارک میں فن پاروں کے نامور آرٹ گروپ مسچف (MISCHF) کی ملکیت تھا جو اپنے فن پاروں کی نیلامی بھی کرتے ہیں۔
اس گروپ کے مطابق اس فن پارے کا حجم اتنا چھوٹا ہے کہ اسے سوئی کے سوراخ سے باآسانی گزارا جا سکتا ہے، اسے دیکھنے کے لیے مائیکروسکوپ کی ضرورت پڑے گی۔
انہوں نے بیگ کے بارے میں بتایا کہ آجکل ہر جگہ بڑے ہینڈ بیگ، نارمل ہینڈ بیگ اور چھوٹے ہینڈ بیگ ہیں لیکن یہ بیگ چھوٹے سائز کی حتمی شکل ہے۔
اس بیگ میں لگژری ہینڈ بیگ ڈیزائنر لوئس ووٹن کی برانڈنگ ہے لیکن اس کا برانڈ سے کوئی تعلق نہیں۔
بیگ کو بنانے کے لیے تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جو اکثر چھوٹے میکانیکل ماڈلز اور ڈھانچے بنانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔