جنت مرزا نے کارتیک آریان کے ساتھ فلم کی آفر کیوں ٹھکرادی؟

پاکستانی معروف ٹک ٹاکر، اداکارہ، ماڈل و یوٹیوبر جنت مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے بالی ووڈ سے آنے والی فلم کی آفر کو ٹھکرا دیا تھا۔

فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ اور ’دل موڑ دے‘ کی اداکارہ جنت مرزا نے اپنے ایک نئے انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں گزشتہ دو تین ماہ قبل ہی بالی ووڈ سے فلم کی آفر آئی تھی، فلم میں اُنہیں اداکار کارتیک آریان کے مدِ مقابل مرکزی کردار میں کاسٹ کیا جا رہا تھا۔

اداکارہ نے بالی ووڈ فلم اور کارتیک آریان کے ساتھ کام کرنے کی آفر کو مسترد کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے تو اُن کے والدین اُنہیں بھارت میں کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

جنت مرزا کا کہنا ہے کہ وہ خود بھی بھارت جانے اور بھارت میں کام کرنے کے حق میں نہیں ہیں، اُن کا دل نہیں مانتا وہاں جا کر کام کرنے کا۔

جنت مرزا کے انٹرویو سے یہ مختصر سا کلپ خوب وائرل ہو رہا ہے جس پر انٹرنیٹ صارفین اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس انٹرویو سے قبل جنت مرزا نے کراچی میں قیام کے دوران ایک اور انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ اُنہیں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تاریخ میں بلاک بسٹر ثابت ہونے والے ڈرامے ’پری زاد‘ اور ہم کہاں کے سچے تھے‘ کی آفر ہوئی تھی۔

جنت مرزا نے کہا ہے کہ اُنہیں ’ہم کہاں کہ سچے تھے‘ میں اداکارہ کبریٰ خان کا کردار (منفی) اور ڈرامہ سیریل ’پری زاد‘ میں اداکارہ اُشنا شاہ کا کردار آفر ہوا تھا۔

اداکارہ کا بتانا ہے کہ کیوں کہ وہ زیادہ تر جاپان میں رہتی ہیں، اس لیے وہ یہ ڈرامے نہیں کر سکیں۔

جنت مرزا نے پچھتاوے کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ وہ یہ نہیں کہہ رہیں کہ وہ یہ کردار دوسری اداکاراؤں سے زیادہ بہتر طور پر ادا کرتیں مگر ہو سکتا ہے کہ اگر وہ اِن ڈراموں میں یہ کردار کرتیں تو عوام کو اُن کا کام پسند آتا۔