بالی ووڈ میں مہنگی ترین طلاق کس جوڑی کی ہوئی؟

بالی ووڈ انڈسٹری کے اداکار جس حساب سے پیسہ کماتے ہیں اُس ہی حساب سے خرچ بھی کرتے ہیں۔

بالی ووڈ میں جہاں مہنگی سے مہنگی شادیاں کرنے کا رواج پایا جاتا ہے وہیں جب یہ جوڑیاں ٹوٹتی ہیں تو مہنگی طلاقوں میں بدل جاتی ہیں۔

بھارتی فلم انڈسٹری کی جوڑیوں میں ہونے والی چند مہنگی ترین طلاقیں درج ذیل ہیں جن کے بارے میں پڑھ کر آپ کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ جائیں گی۔

کرشمہ کپور اور سنجے کپور

چلبلی سی اداکارہ کرشمہ کپور جب اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں، اس دوران انہوں نے کاروباری شخصیت سنجے کپور  سے شادی کی، دونوں کی شادی 13 سال رہی اور سال 2016ء میں دونوں نے باہمی رضامندی کے ساتھ علیحدگی اختیار کر لی۔

اس جوڑی کے دو بچے سمیرا اور کیان راج کپور بھی ہیں۔

کرشمہ کپور نے طلاق کے بعد خرچ اور دیگر اخراجات کی مد میں سنجے کپور کے والد کا آبائی گھر اپنے نام کرایا جبکہ سنجے کپور نے اپنے بچوں کے نام 14 کروڑ کے بانڈ بینک میں جمع کرائے جن کا ہر ماہ 10 لاکھ روپے ان کو مل رہا ہے۔

ارباز خان اور ملائیکہ اروڑا

سلو بھائی کے چھوٹے بھائی، اداکار ارباز خان اور اداکارہ ملائیکہ اروڑا شادی سے پہلے پانچ سال تک ایک دوسرے کے ساتھ افیئر میں رہے۔

دونوں نے بہت دھوم دھام سے شادی کی جو 13 برس تک ہی چل سکی، اس جوڑی کا ایک بیٹا آریاب بھی ہے۔

13 سالہ رشتے کے بعد دونوں نے ایک دوسرے سے علیحدگی کا فیصلہ کیا اور ملائیکہ اروڑا نے عدالت کے حکم پر اپنے اخراجات کی مد میں 15 کروڑ روپے لیے۔

سیف علی خان اور امریتا سنگھ

نواب آف پٹودی، اداکار سیف علی خان اور اداکارہ امریتا سنگھ کی شادی بالی ووڈ کی ٹاپ نیوز ثابت ہوئی تھی۔

دونوں کی عمروں میں واضح فرق ہونے کی وجہ سے اکثر لوگ اس شادی کے جلد ختم ہونے کی پیش گوئی کرتے تھے لیکن دونوں 13 برس تک اس بندھن میں بندھے رہے، اس دوران یہ جوڑی بیٹا ابراہیم اور بیٹی سارہ کے والدین بنی۔

سال 2015ء میں دونوں نے اپنے راستے جدا کرنے کا فیصلہ کیا، سیف علی خان کا ایک انٹرویو میں بتانا تھا کہ کہ اُنہوں نے امریتا سنگھ کو نان نفقہ اور دیگر اخراجات کی مد میں5کروڑ روپے دیے۔

اس کے علاوہ وہ اپنے بچوں کو اٹھارہ سال کی عمر تک ایک لاکھ روپے ماہانہ بھی دیتے رہے ہیں۔

فرحان اختر اور ادھونا بھابانی

اداکار، ہدایتکار و پروڈیوسر فرحان اختر نے 2000ء میں ادھونا بھابانی سے شادی کی لیکن یہ رشتہ 17 سال چلا اور 2017ء میں ہونے والی طلاق پر فرحان اختر کو ادھونا کو بھاری رقم کے علاوہ 10 ہزار گز کا بنگلہ بھی دینا پڑا۔

سنجے دت اور ریہا پلائی

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سنجے دت عرف سنجو بابا نے 3 شادیاں کیں، اُنہوں نے اپنی دوسری اہلیہ ریہا پلائی کو طلاق کے بعد 8 کروڑ روپے اور ایک مہنگی ترین کار دی۔

پربھو دیوا اور راملتا

بالی ووڈ کے معروف کوریو گرافر پربھو دیوا نے 1995ء سے 2011ء تک ساتھ نبھانے والی راملتا کو طلاق کے بعد 3 گھروں کے علاوہ 2 مہنگی ترین کاریں اور ایک لاکھ روپیہ کیش دیا، مجموعی طور پر یہ رقم تقریباً 25 کروڑ تک بنی۔

آدتیہ چوپڑا اور پائل کھنہ

رانی مکھر جی سے پہلے ہدایت کار آدتیہ چوپڑا اور پائل کھنہ 2001ء سے 2009ء تک زندگی کے ساتھی رہے اور آدتیہ چوپڑا نے طلاق کے وقت پائل کھنہ کو 50 کروڑ روپے ادا دیئے۔

عامر خان اور رینا دتہ

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ، عامر خان نے 1986ء سے  2002ء تک زندگی کے سفر میں ساتھ نبھانے والی اپنی اہلیہ، رینا دتہ کو طلاق دیتے ہوئے 50 کروڑ روپے بھی ادا کیے تھے۔

ہریتھک روشن اور سوزانے خان

بالی ووڈ اسٹار ہریتھک روشن اور سوزانے خان نے 2000ء میں شادی اور 14 سال بعد 2014ء میں الگ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس موقع پر سوزانے خان نے سیٹلمنٹ کے لیے 400 کروڑ روپے کا تقاضہ کیا تھا جس پر ہریتھک روشن نے اُنہیں 380 کروڑ روپے دے کر رشتہ ختم کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہریتھک روشن اور سوزانے خان کی بالی ووڈ میں ہونے والی یہ ابھی تک کی سب سے مہنگی طلاق ہے۔