ٹائٹینک سے 5 گنا بڑا اور دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز آئیکون آف دا سیز تیار ہوگیا کروز شپ میں سفر کو یادگار بنانے کے لیے تمام سہولتیں دستیاب ہیں۔
دنیا پرتعیش اور بڑے بحری جہاز کے حوالے سے ایک صدی سے زائد وقت گزر جانے کے باوجود اب تک سمندر میں غرق ٹائٹینک کے سحر میں گرفتار ہے لیکن اب ٹائٹینک سے بھی پانچ گنا بڑا دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز تیار ہوگیا ہے جس میں 8 ہزار افراد کے سوار ہونے کی گنجائش ہے۔ ان میں 5610 مسافر جب کہ ڈھائی ہزار کے لگ بھگ جہاز کا عملہ ہوگا۔
آئیکون آف دا سیز آئندہ سال جنوری میں اپنے پہلے سمندری سفر پر روانہ ہوگا۔ اس کروز شپ پر سفر کو خوبصورت اور یادگار بنانے کے لیے تمام تر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
دنیا کا یہ سب سے بڑا بحری جہاز 1200 فٹ لمبا اور 165 فٹ چوڑا ہے جس میں ایک ہزار پرتعیش کمرے موجود ہیں۔ اس جہاز میں 6 بڑے سوئمنگ پولز، کھیلوں کے میدان بھی موجود ہیں۔ بچوں اور بڑوں ک لیے الگ الگ سوئمنگ پولز اور تفریحی میدانوں رکھے گئے ہیں۔
سفر کو زندگی کا یادگار ترین سفر بنانے کے لیے آئیکون آف دا سیز میں شاپنگ مال سمیت 40 مختلف اقسام کے ہوٹلز، فوڈ کیفے ٹیریاز بھی موجود ہیں۔
فن لینڈ کی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ آئکن آف دی سیز کو کھلے سمندروں میں آزمایا جا رہا ہے اور اب تک سینکڑوں میل تک ٹیسٹ کیا گیا ہے۔ اس کے انجن، بریک، شور کم کرنے کے نظام، تھرتھراہٹ اور اسٹیرنگ کو ہرطریقے سے جانچا جارہا ہے۔ پوری ٹیم اسے محفوظ بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
جانچ کے تمام مراحل سے گزارے جانے کے بعد اکتوبر میں اسے کمپنی کے حوالے کیا جائے گا اور بتایا جا رہا ہے کہ جنوری 2024 میں اس میں عام مسافر سوار ہوسکیں گے۔
اس جہاز کے پہلے تاریخی سفر کا مسافر بننے کے لیے لوگ بے چین ہیں اور ہزاروں افراد مہینوں پہلے اس سفر کے لیے پیشگی ٹکٹ بک بھی کرا چکے ہیں۔