روسی صدر پیوٹن کی ذاتی بکتر بند ٹرین کی تصاویر منظرِعام پر

ماسکو:روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی ذاتی پرتعیش بکتر بند ٹرین کے اندر کی تصاویر سامنے آگئیں۔

 غیرملکی میڈیا کے مطابق یہ تصاویر روس کے صدارتی محل کریملن سے جڑے افراد کے بارے میں تفصیلی رپورٹنگ کرنے والی ویب سائٹ نے جاری کی ہیں۔

 تحقیقاتی ویب سائٹ کے مطابق ٹرین میں ایک بیوٹی سیلون، میڈیکل کمرہ اور مشینوں والا جِم بھی ہے۔ تحقیقاتی ویب سائٹ کے مطابق اس ٹرین میں جدید میڈیکل آلات و مشینیں اور 37 لاکھ پاؤنڈ کا حمام بھی موجود ہے۔

  رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرین میں 22 بوگیاں ہیں جنہیں صدر پیوٹن کے لیے ریسٹورنٹس، گیراج، سیلون، کھیلوں اور تفریحی جگہوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

 تحقیقاتی ویب سائٹ نے ایک ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ صدر پیوٹن نے 2021 سے ٹرین کو زیادہ مرتبہ استعمال کیا کیونکہ اسے طیاروں کی طرح ٹریک نہیں کیا جا سکتا۔

 اس حوالے سے برطانوی اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا تھا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن یوکرین جنگ کے دوران اس ٹرین کو زیادہ استعمال کرتے دکھائی دئیے۔ 

رپورٹس کے مطابق روسی صدر کی یہ ٹرین انتہائی مہنگی ہے اور اس میں دیگر سہولیات بھی موجود ہیں۔