پاکستان کی پہلی میوزک پالیسی لا رہے ہیں: مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی پہلی میوزک پالیسی لا رہے ہیں، علاقائی موسیقی کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان ملکی ورثہ ہیں، وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق پاکستان کے کلچر کو دنیا بھر میں فروغ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے زریعے پاکستان کے امیج کو دنیا میں بہتر انداز میں اجاگر کیا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے اپنے پچھلے دور میں فلم اور پاکستانی کلچر پالیسی کی بنیاد رکھی، حکومت اسکرین ٹورازم بحال کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اصل کلچر اسکرین کے ذریعے دنیا کو دکھایا جاناچاہیے، فلم فنانس کونسل کا اجراء کیا گیا ہے اور پوڈ کاسٹ کا دائرہ کار بھی وسیع کیا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں اداروں کو بیچا، سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے کی مہم جاری ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا ہے کہ 4 سال تک نفرت اور گالی گلوچ کے بیج بوئے گئے اور ہر ادارے کو تباہ کیا گیا۔