گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں 500فیصد اضافہ کردیا گیا 

 اسلام آباد:ایس این جی پی ایل نے گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں 500فیصد اضافہ کردیا ہے، گرمیوں کے مہینوں میں 400روپے کا گیس بل بڑھ کر3ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔

گرمیوں میں گیس کے کم استعمال کے باوجود ایڈجسٹمنٹ کے نام پر کم از کم 2ہزار روپے ٹیکسز کے علاوہ ہر ماہ وصول کئے جانے لگے ہیں،پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے واضح ہدایات کے باوجود گھریلو صارفین سے زائد وصولیاں جاری ہے۔

سوئی نادرن گیس کمپنی نے کم گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین سے گرمیوں کے مہینوں میں بھی بل کے علاوہ 500فیصد زائد رقم وصول کرنی شروع کردی ہے اور ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ہر بل میں 2ہزار روپے اضافی بوجھ گھریلو صارفین پر ڈالنا شروع کردیا ہے۔

 این جی پی ایل کی جانب سے بھجوائے جانے والے بلز میں گیس کی قیمت 400روپے تک ہونے کی صورت میں فکسڈ چارجز کے نام پر 475روپے جنرل سیکز ٹیکس 161روپے جبکہ ایڈجسٹمنٹ اور تصحیح کے نام پر 2ہزار سے 2500روپے تک ہر ماہ وصول کئے جانے لگے ہیں اور یہ بھی وضاحت نہیں کی جارہی ہے کہ یہ رقم کس مد میں وصول کی جارہی ہے۔

 واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کے دوران پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلا س میں سیکرٹری پٹرولیم نے کمیٹی کو بتایا تھا کہ اب گھریلو صارفین سے سردیوں کا بل گرمیوں میں وصول کیا جائے گااور ہر مہینے کچھ رقم گرمیوں کے بل میں ڈالی جائے گی جس پر کمیٹی کے اراکین نے شدید اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ جو گیس صارف نے استعمال ہی نہ کی ہو اس کا بل کیسے وصول کریں گے۔

 کمیٹی نے وزارت پٹرولیم سمیت گیس کمپنیوں سے سختی سے منع کردیا کہ کسی صورت بھی گھریلو صارفین سے اضافی چارجز وصول نہیں کئے جائیں گے تاہم وزارت سمیت گیس کمپنیوں نے کمیٹی کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے گھریلو صارفین سے ماہانہ کم از کم 2ہزار روپے زائد وصولیاں شروع کردی ہیں۔