ممبئی: بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سابقہ بالی ووڈ اداکارہ ثناء خان نے اپنے بیٹے کا نام طارق جمیل رکھ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام کے خاطر شوبز کو خیرباد کہنے والی اداکارہ ثناء خان نے رواں ہفتے اپنی پہلی اولاد کو جنم دیا ہے۔ سابقہ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو یہ خوشخبری سُنائی تھی۔
تاہم اب بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ثناء خان نے اپنے نومولود کا نام طارق جمیل رکھ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ثنا خان کا کہنا ہے کہ نام کا شخصیت پر بہت اثر پڑتا ہے اور وہ اپنے بیٹے کیلئے ایک ایسا نام چاہتے تھے جو دینداری اور دیانتداری کی علامت ہو۔
ثناء خان نے مزید کہا کہ ماں بننا دنیا کا سب سے خوبصورت احساس ہے۔ والدین بننا زندگی بھر کی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ طارق جمیل (معروف بہ مولانا طارق جمیل) ایک پاکستانی مبلغ اور عالمِ دین ہیں۔ جن کے نام پر بھارتی میڈیا کی جانب سے ثناء خان کے بیٹے کا نام رکھنے کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔
یاد رہے کہ ثناء خان 2020 میں شوبز سے دوری اختیار کرنے کے بعد بزنس مین اور مفتی انس سید سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔