شاہ رخ خان کی فلم جوان کے ٹریلر نے تہلکہ مچادیا

ممبئی: بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’جوان‘ کے سنسنی خیز ٹریلر نے اپنی ریلیز کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا اور صرف 24 گھنٹوں کے دوران ایک سو ملین سے زائد ویوز حاصل کرلیے۔ 

’جوان‘ ٹریلر میں اداکار کے ایکشن اور مار دھاڑ سے بھرپور مختلف کرداروں نے مداحوں کو پرجوش کردیا ہے جبکہ کچھ مناظر میں اداکار گنجے بھی دکھائی دیتے ہیں۔

ایٹلی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کا طویل ٹریلر بعد میں ریلیز کیا جائے گا لیکن مختصر ٹریلر نے بھی ریلیز ہوتے ہی ریکارڈ قائم کردیئے۔

پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر خبر دی ہے کہ ’جوان‘ ٹریلر کے ویوز ایک دن میں مختلف پلیٹ فارموں پر 112 ملین تک پہنچ گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ’جوان‘ میں بالی ووڈ کے سپراسٹار سنجے دت اور دیپیکا پڈوکون بھی جلوہ گر ہوں گے۔

ایکشن تھرلر فلم 7 ستمبر کو بھارت سمیت مختلف ممالک میں ہندی، تامل اور تیلگو زبان میں پیش کی جائے گی۔