اسلام آباد : سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، قطر اور چین کی جانب سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ذوالفقار علی بھٹی کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی سرمایہ کاری بورڈ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سیکریٹری اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل جمیل احمد قریشی نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کونسل کا سیکرٹریٹ وزیراعظم آفس میں قائم کردیا ہے ، جو آئندہ 2روز میں کام شروع کردے گا۔
جمیل احمد قریشی کا کہنا تھا کہ آئندہ چندعرصے میں پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے، کونسل کی سعودی عرب ،قطر،یو اے ای سمیت عرب ممالک سے سرمایہ کاری پرتوجہ ہے۔
سیکریٹری اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن نے کہا کہ عرب ممالک سے سرمایہ کاری کے حوالے سے کافی تجاویز آئی ہیں ، سعودی عرب معدنیات میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے جبکہ قطر اور یو اے ای زراعت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے اور چینی کمپنیاں بھی بیج سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فی الحال توجہ غیرملکی سرمایہ کاری پرہے، مقامی سرمایہ کاروں کوبعد میں دیکھیں گے، کل کونسل کی ایگزیکٹوکمیٹی کااجلاس ہے،اہم منصوبوں کوشامل کرنےپرغور ہوگا، مینڈیٹ میں زراعت،آئی ٹی، معدنیات، توانائی میں غیرملکی سرمایہ کاری لانا شامل ہے۔
کمیٹی چیئرمین ذوالفقاربھٹی نے تجویز دی کہ مینڈیٹ میں سیاحت،تعلیم اورصحت کوبھی شامل کیاجائے۔