منیلا: فلپائن میں تفریح اور کھیلوں کے ادارے نے اپنی چالیسویں سالگرہ پر ایک لوگو ڈیزائن کیا ہے جس کے لیے کہا جا رہا ہے کہ 30 لاکھ پیسوس یعنی 179,081 امریکی ڈالر کی رقم ادا کی گئی ہے۔ اس طرح پاکستانی روپے میں اس کے رقم ساڑھے چھ کروڑ روپے بنتی ہے۔
’امیوزمنٹ اینڈ گیمنگ کارپوریشن (پیگکور) نامی ادارہ حکومتی ملکیت ہے اس نے اپنے ادارے کے لیے نیا لوگو ڈیزائن کیا ہے۔ اس کے بعد کمپنی کے لوگو کے ساتھ ایک دستاویز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی جارہی ہے جس میں اس کے بنانے کی رقم کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ اس میں صاف لکھا ہے کہ لوگو بنانے کےلیے 30 لاکھ پیسوس سے زائد کی رقم ادا کی گئی ہے۔
اگرچہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے خط کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے لیکن بعض حلقوں نے کہا ہے کہ یہ ایک درست بات ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پیگ کور نے اس کی کوئی وضاحت بھی نہیں کی ہے۔ تاہم کمپنی نے کہا ہے کہ یہ سادہ اور غیردلچسپ لوگو توانائی، جوش اور جذبے کوظاہر کرتا ہے۔
سوشل میڈیا کے بعد مقامی ذرائع ابلاغ نے بھی حکومت کے اس احمقانہ اقدام اور شاہ خرچی پر شدید تنقید کی ہے۔ اب لوگوں نے کہا ہے کہ اس میں سینگ نما ابھار کسے ظاہر کرتے ہیں، کیا یہ گائے کے سینگ ہیں یا پھر کیکڑے کے آنکڑے نما ہاتھ ہیں؟
دوسری جانب ماہر ڈیزائنر نے بھی مفت میں اس سے بہترین لوگو بنا کر پوسٹ کرنا شروع کردیئےہیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے اسے دولت کا زیاں قرار دیا ہے۔