ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی ہالی وڈ میں جاری ادیبوں کی ہڑتال کی حمایت کردی ہے۔
ہالی وڈ میں اداکاروں اور فنکاروں کی سب سے بڑی یونین ’SAG-AFTRA‘ نے گزشتہ دنوں انڈسٹری میں جاری رائٹروں کی ہڑتال میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔
انسٹاگرام پر پریانکا چوپڑا نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں ہڑتال کی حمایت کی گئی ہے اور ساتھ ہی اداکارہ نے کیپشن دیا کہ وہ اپنے ساتھی فنکاروں اور اپنی یونین کے ساتھ کھڑی ہیں۔
ہڑتال کی وجہ سے ہالی وڈ کے بہت سارے پروگرام اور فلمیں التواء کا شکار ہوگئی ہیں، پریانکا اور جان سینا کی ’ہیڈ آف اسٹیٹ‘ کی شوٹنگ بھی رکی ہوئی ہے۔
ہالی وڈ فلموں ’اوپین ہائمر‘ اور ’باربی‘ کی تشہیری مہم کو بھی ہڑتال کا اثر پہنچا ہے اور ہڑتال کے آغاز کے ساتھ ہی لندن پریمیئر سے ’اوپین ہائمر‘ کی کاسٹ نے واک آؤٹ کردیا تھا۔
قبل ازیں ہڑتال کا اعلان اسکرین ایکٹرز گلڈ نے اس وقت کیا جب وہ الائنس آف موشن فکچر اور ٹیلی ویژن پروڈیوسرز کے ساتھ نئے معاہدے کرنے میں ناکام ہوگئے تھے۔