سٹی آف وکٹوریہ: ہانگ کانگ کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ شہریوں کو تمباکو سے پاک شہر بنانے کیلئے تمباکو نوشی کرنے والے افراد کو ناپسندیدگی سے دیکھنا چاہیے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پروفیسر لو چنگ ماؤ نے کہا کہ جو لوگ ان علاقوں میں سگریٹ پی رہے ہیں جہاں یہ ممنوع ہے، اگر ہر کوئی انہیں گھورنا شروع کردے تو وہ پلٹ کر وار نہیں کرسکتے اور بالآخر وہ ایسی جگہوں پر سگریٹ پینا چھوڑ دیں گے۔
پروفیسر لو نے قانون ساز کونسل کے ہیلتھ سروس پینل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سگریٹ ہم سب کی صحت کو نقصان پہنچاتی ہے۔ ممنوعہ علاقوں میں سگریٹ پینے والے افراد کو لوگ دیکھیں جب تک کوئی سیکورٹی اہلکار فوری طور پر وہاں نہ پہنچے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب کوئی ریستوران میں سگریٹ نکالتا ہے تو احاطے میں موجود ہر شخص اس شخص کو گھور سکتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ شخص ریستوراں میں موجود ہر ایک کو جوابی وار کرنے کی ہمت نہیں کرے گا کیونکہ وہ صرف گھور رہے ہیں۔
پروفیسر نے مزید کہا کہ اس طرز عمل سے شہر میں غیر تمباکو نوشی کی ثقافت کو فروغ ملے گا۔