مشن امپاسبل: ٹام کروز کے خطرناک موٹر سائیکل اسٹنٹ کے چرچے

پاکستانی سنیما گھروں میں فلم اردو ترجمہ کے ساتھ بھی پیش کی جارہی ہے

ہالی وڈ ایکشن سسپنس اور خطرناک اسٹنٹس سے بھرپور فلم ’مشن امپاسبل‘ کی پاکستان میں ریلیز کے تیسرے روز بھی سینما گھروں میں ہاؤس فل رہا۔ پاکستان کے کچھ سینما گھروں میں فلم اردو ترجمہ کے ساتھ بھی بڑی اسکرین پر چھائی ہوئی ہے جسے عوام کی بھرپور پزیرائی مل رہی ہے۔

موٹر سائیکل، پیرا شوٹ اور ٹام کروز، ہالی ووڈ فلموں میں خود اپنے اسٹنٹ پرفارم کرنے والے امریکی اداکار کے حالیہ اسٹنٹ کو اب تک کی سب سے خطرناک پرفارمنس کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔

تیز رفتار موٹرسائیکل کے ساتھ پہاڑسے چھلانگ لگانے والے ٹام کروز نے وہ کر دکھایا جو اب تک کوئی ہالی ووڈ اداکار نہ کرسکا۔

فلم سازوں کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں انکشاف کیا گیا کہ اسٹنٹ کی تیاری کے لیے ٹام کروز نے 500 سے زائد بار تیز رفتارموٹر سائیکل کے ساتھ پہاڑ سے چھلانگ لگائی۔

فلم میں زیادہ حقیقی تاثر دینے کے لیے 61 سالہ امریکی اداکار پہلے بھی برج خلیفہ سے چھلانگ لگا کر، کبھی ہوائی جہاز سے لٹک کر، کبھی 6 منٹ تک پانی میں سانس روک کر اور کبھی خود جنگی جہاز اڑا کر شائقین کو حیران کرچکے ہیں۔

ان جان لیوا اسٹنٹس کو سرانجام دیتے ہوئے ٹام کروز کا ٹخنا، بازو اور ہاتھ ٹوٹ چکے ہیں اور ان کو کمر پر بھی کئی چوٹیں آئی ہیں۔