اوورسیز پاکستانیوں کے لیے 4 ماہ تک بغیر رجسٹریشن موبائل استعمال کرنے کی سہولت متعارف

وزیراعظم شہبازشریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور غیرملکی باشندوں کے لئے آن لائن عارضی موبائل رجسٹریشن سسٹم کا افتتاح کردیا۔

پروگرام کے تحت اوورسیزپاکستانی یا غیرملکی شہری کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی کے بغیر 120 دن تک اپنا ذاتی موبائل فون استعمال کرنے کی مفت سہولت حاصل سکیں گے، تاہم انہیں ہر بار پاکستان آنے کی صورت میں مفت رجسٹریشن کی سہولت کے لئے درخواست دینا ہوگی۔

اس سہولت سے سیاحت یا کاروبار کیلئے پاکستان آنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانی طالب علم، محنت کش اور غیرملکی شہری فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے آن لائن ڈیوائس کے افتتاح پر مبارکباد دیتا ہوں، بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو اس ڈیوائس سے فائدہ ہوگا، اور وہ 4 ماہ سے زائد ٹیکس دیئے بغیر موبائل فون استعمال کرسکیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے یہ کاوشیں قابل ستائش ہیں، پاکستانی نوجوان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں خاصی پیش رفت کر رہے ہیں، اس شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں جن سے ہمیں فائدہ اٹھانا چاہئے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے نوجوانوں کیلئے مختلف پروگراموں کیلئے حالیہ بجٹ میں وافر فنڈز مختص کئے ہیں، سرمایہ کاری میں سہولت دینے کی خصوصی کونسل قائم کر دی گئی ہے تاکہ ملکی معیشت کی بحالی کیلئے غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔