فلم باربی کے لیے گوگل سرچ میں دلچسپ ٹِرک کا اضافہ

باربی ڈول یا گڑیا کا نام تو دنیا بھر میں بچوں کو معلوم ہے اور اب اس پر ایک فلم بھی ریلیز ہو رہی ہے۔

گوگل نے فلم باربی کے حوالے سے اپنے سرچ انجن میں ایک دلچسپ تبدیلی کی ہے۔

اگر آپ گوگل پر باربی یا اس میں مرکزی کردار ادا کرنے والے مارگوٹ روبی (اداکارہ باربی کے روپ میں نظر آئیں گی) اور ریان گوسلین (اداکار کین ڈول بنے ہیں) کو سرچ کریں تو رزلٹ پیج گلابی رنگ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

یعنی آپ باربی ورلڈ میں پہنچ جاتے ہیں، کم از کم گوگل سرچز میں۔

خیال رہے کہ ڈائریکٹر گریٹا گروگ کی اس فلم کے لیے باربی لینڈ اس گڑیا کے مشہور ڈریم ہاؤس کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا تھا جس میں ہر جگہ گلابی رنگ کا استعمال ہوا۔

جون میں ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس فلم کے اتنا پنک پینٹ استعمال کیا گیا کہ دنیا بھر میں اس کی قلت ہوگئی۔

فلم کی پروڈکشن ڈیزائنر سارہ گرین ووڈ نے بتایا کہ باربی فلم کے نتیجے میں دنیا بھر میں پنک پینٹ کی قلت ہوگئی تھی۔

ایک پینٹ کمپنی کی نائب صدر لورین پراؤڈ نے بھی تصدیق کی کہ فلم کے لیے ہماری کمپنی کے پاس موجود تمام پنک پینٹ استعمال کیا گیا، مگر عالمی قلت کی وجہ فلم کی شوٹنگ کے ساتھ ساتھ کووڈ 19 کی وبا سے سپلائی چین متاثر ہونا بھی تھی۔

یہ فلم 21 جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز کی جا رہی ہے مگر مارگوٹ روبی اور ریان گوسلین نے ہالی وڈ اداکاروں کی ہڑتال کے باعث اس کی پروموشن روک دی ہے