کینسر میں مبتلا فردوس جمال اب کس حالت میں ہیں؟

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فردوس جمال کے دونوں بیٹوں حمزہ فردوس جمال اور باذل فردوس جمال نے والد کی طبیعت کے حوالے سے ان کے مداحوں کو آگاہ کر دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے سینئر اداکار کے بڑے بیٹے اور اداکار و ہدایت کار حمزہ فردوس جمال نے والد کی سرجری کا بتاتے ہوئے دعا کی اپیل کی اور لکھا کہ اب ان کے والد خیریت سے ہیں ، 12 گھنٹے کی کامیاب سرجری کے بعد ڈاکٹرز نے ان کا ٹیومر نکال دیا ہے۔

کینسر میں مبتلا فردوس جمال اب کس حالت میں ہیں؟

انہوں نے مزید بتایا کہ سرجری کروانے سے قبل ان کے والد کے حوصلے بلند تھے۔

فردوس جمال دوسرے بیٹے اور فٹنس ٹرینر و ماڈل باذل فردوس نے بھی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر والد کی سرجری سے قبل اور بعد کی دو مختلف ویڈیوز شیئر کیں۔

سرجری سے قبل شیئر کی گئی ویڈیو میں سینئر اداکار کو وہیل چیئر پر بیٹھے بلند حوصلوں کے ساتھ ہنستے مسکراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ سرجری کے بعد عکس بند کی گئی ویڈیو میں ان کے بیٹے نے آگاہ کیا کہ فردوس جمال سرجری کے بعد چلنے پھرنے لگے ہیں اور وہ بیماری سے صحت یابی کی جانب سفر پر گامزن ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں سینئر اداکار فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس جمال نے والد کے کینسر یں مبتلا ہونے کی خبر سوشل میڈیا کے ذریعے دی تھی اور ان کے مرض کو قابل علاج قرار دیا تھا۔