بھارتی فلم بوال یہود مخالف قرار، شدید تنقید شروع ہوگئی

 ممبئی: بالی وڈ اداکارہ جھانوی کپور اور ورون دھون کی نئی فلم ’بوال‘ کو یہود مخالف قرار دے کر اس پر سوشل میڈیا پر تنقید کی جارہی ہے۔

نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کو ایمازون پرائم ویڈیو پر 21 جولائی کو ریلیز کیا گیا ہے اور فلم کے متعلق متضاد تبصرے سامنے آئے ہیں۔

’بوال‘ کی کہانی ایک شادی شدہ جوڑے کے خانگی مسائل کے گرد گھومتی ہے جو یورپ کے تاریخی مقامات کے دورے پر ہیں۔

فلم کے کردار جرمنی کے مشہور نازی کیمپ میں جاتے ہیں جہاں وہ اپنے رشتے کی پیچیدگی اور مسائل کا ہولوکاسٹ سے موازنہ کرتے ہیں۔

ایک موقع پر جھانوی کپور کہتی ہیں کہ ہر رشتہ اپنے آشوٹز (کیمپ) سے گزرتا ہے اور انہوں نے خانگی مسئلے کو ہولوکاسٹ کے برابر قرار دیا۔

سوشل میڈیا صارفین کو یہ مکالمے پسند نہیں آئے اور انہوں نے فلمی کرداروں کو آڑے ہاتھے لیتے ہوئے ان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔