جیگوار اسپورٹس کار انجن کی آخری آواز مستقبل کیلیے محفوظ کرلی گئی

 لندن: برطانیہ میں خصوصی انتظامات کے تحت مشہور اسپورٹس کار جیگوار ایف ٹائپ وی 8، انجن کی شاندار آواز کو مستقبل کے لیے محفوظ بناکر اسے ایک لائبریری میں رکھا جا رہا ہے۔

کمپنی میں ہی بنے ایک خصوصی کمرے میں کار کی آواز کو ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس عمل میں ماہر ساؤنڈ انجینیئر نے اپنا کردار ادا کیا۔ کمپنی کے مطابق اب ان کی گاڑیاں ایندھن کی بجائے بجلی کی بیٹریوں پرچلیں گی اور یوں مستقبل میں لوگ جیگوار کی شاندار آواز نہیں سن سکیں گے۔ البتہ آنے والی نسلوں کے لیے اس کی تھری ڈی ، اعلیٰ معیار کی آواز کو محفوظ بنایا گیا ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ جیگوار ایک تاریخی کارہے لیکن کمپنی نے بہترمستقبل کے لیے اسے بھی برقی کار میں بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کار کے آخری پیٹرول والے انجن کی آواز، گیئر بدلنے کی گھرج اور ایسلریٹر وغیرہ کی آوازوں کو خصوصی طورپرریکارڈ کیا گیا ہے۔

اب یہ ریکارڈنگ برطانوی لائبریری میں محفوظ کی جائے گی۔ آواز ریکارڈ کرنے والے انجینیئر چارلس رچرڈسن نے کہا کہ اسے مستقبل کی نسلوں کے لیے محفوظ بنایا گیا ہے۔ اس ضمن میں انجن اسٹارٹ ہونے کی آواز 30 سیکنڈ اور اسپیڈ بڑھانے کی 47 سیکنڈ کی ریکارڈنگ کی گئی ہیں۔