برازیلین شہری اور دنیا کے معمر ترین شخص جوز پولینو گومز اپنی 128 ویں سالگرہ سے چند روز قبل انتقال کرگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جوز پاؤلینو گومز کو دنیا کا معمر ترین آدمی سمجھا جاتا تھا۔ وہ ایک ماہ سے علیل تھے اور بستر پر تھے۔ سوگواران میں سات بچے، 25 پوتے، 42 پڑپوتے، اور 11 پڑپوتیاں ہیں۔
ان کی شادی 1917 میں ہوئی تھی جس میں ان کی تاریخ پیدائش 4 اگست 1895 درج ہے۔ انہی کے محلے میں ایک 98 سالہ خاتون نے اپنے بچپن کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جوز پاؤلینو گومز کو اس وقت سے جانتی ہیں جب وہ نوجوان تھے۔
جوز پاؤلینو گومز نے ایک بھرپور اور سادہ زندگی گزاری۔ وہ صنعتی اور کیمیکل زدہ اشیا کے بجائے خود اُگائی ہوئی سبزیوں کو کھانا پسند کرتے تھے۔ وہ اپنی موت سے 4 ماہ قبل تک گھڑ سواری کرتے رہے ہیں۔
قانون دان ولیان ہوزے روڈریگس ڈی سوزا نے دعویٰ کیا کہ دستاویز کے اعتبار سے جوز کی عمر درست تھی یعنی وہ اسپین کی 115 سالہ ماریا برانیاس موریرا کو پیچھے چھوڑ دیں گے جو اس وقت گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ہیں۔