گاڑی کے ہارن کی طرح ڈکار لینے والی خاتون

میری لینڈ: ایک امریکی خاتون نے اپنی غیر معمولی صلاحیت بروئے کار لاتے ہوئے بلند آواز میں ڈکار لینے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ بنا دیا۔

امریکی ریاست میری لینڈ سے تعلق رکھنے والی کِمبرلے وِنٹر کا کہنا تھا کہ انہیں خواتین کی کیٹیگری میں دنیا کی سب سے بلند آواز ڈکار کی کوشش کرنے کے لیے ان کے یوٹیوب اور ٹک ٹاک چینلز کے ناظرین نے ابھارا۔

گینیز ورلڈ ریکارڈ کےلیے ڈکار کی پیمائش ایک ساؤنڈ پروف کمرے میں کی جاتی ہے۔ لہٰذا انہوں نے ریکارڈ کی کوشش آئی ہارٹ ریڈیو کے پروگرام ایلیئٹ اِن دی مارننگ شو کے آن ایئر ہونے دوران کی۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے اس بات کی تصدیق کردی گئی ہے کہ کِمبرلے ونٹر کے 14 سال سے قائم ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ پیمائش کرنے پر ڈکار کی شدت 107 ڈیسی بیل(ایک میٹر کے فاصلے سے گاڑی کے ہارن کی آواز کا آنا) پائی گئی۔

کِمبرلے کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس ریکارڈ کے لیے مختلف غذائیں اور مشروبات پی کر تیاری کی۔

واضح رہے ان کا ریکارڈ مردوں کی کیٹیگری کے ریکارڈ یعنی 112.7 ڈیسی بیلز (جو 2021 میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے نیوِل شارپ نے بنایا تھا)سے تھوڑا ہی کم ہے۔