پرائمری اسکول کے ٹیچر نے شاگرد کو لاکھوں پاؤنڈز کی کار تحفے میں دیدی

قاہرہ: مصر کے ثانوی اسکول میں پہلی پوزیشن لانے والے طالب علم کو ٹیچر نے 10 لاکھ پاؤنڈ کی کار تحفے میں دیدی۔

طالبعلم اپنے استاد سے محبت کے اظہار کے طور پر تحفے تحائف دیتے رہتے ہیں، یہ کوئی انہونی بات نہیں لیکن مصر میں اپنی نوعیت کے انوکھے اور دلچسپ و عجیب واقعے میں ایک استاد نے اپنے شاگرد کو اوّل آنے پر قیمتی انعام سے نواز دیا۔

انعام تو اساتذہ بھی اپنے شاگردوں کی حوصلہ افزائی کے لیے دیتے رہتے ہیں لیکن مصر کے یہ استاد کچھ زیادہ ہی دیالو ثابت ہوئے اور طلبا پر لاکھوں پاؤنڈز کے تحائف کی بارش کردی۔

پرائمری اسکول میں ارضیات (جیالوجی) کی تعلیم دینے والے استاد نے اعلان کیا تھا جو طالب علم سائنسی مقابلے میں اوّل نمبر حاصل کرے گا وہ اسے ایک قیمتی تحفہ دیں گے۔

خوش قسمتی سے امتحان کے تینوں پوزیشنز ان کے شاگردوں نے ہی حاصل کرلی جس پر استاد نے اوّل آنے والے شاگرد محمود محمد عبدالفتاح کو تحفے میں 10 لاکھ پاؤنڈ کی کار دیدی۔

سخی دل استاد نے دوسری اور تیسری پوزیشن لانے والوں کو بھی تحائف دینے کا اعلان کیا۔