77 سالہ برطانوی تین بار بائی پاس کرانے والا طویل العمر مریض بن گیا

  لندن: برطانوی شہری کولن ہینکوک باضابطہ طور پر طویل ترین عرصے تک زندہ رہنے والے ٹرپل ہارٹ بائی پاس مریض (مرد) بن چکے ہیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق کولن ہینکوک تین بار بائی پاس کرانے والے طویل عرصے تک زندہ رہنے والے مریض بن گئے ہیں۔ گنیز نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ 4 اگست 2023 کو ہینکوک کے آپریشن کو 45 سال اور 361 دن ہوگئے جس پر طویل زندگی جینے والے ٹرپل بائی پاس مریض کا عالمی ریکارڈ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

ادارے نے بتایا کہ مسٹر ہینکوک کی عمر 30 سال تھی جب انہوں نے اپنے سینے میں درد محسوس کیا اور اس کے بعد ایک سال کے اندر تین بار ان کے دل کی بائی پاس سرجری ہوئی۔ اگرچہ سرجری کامیاب رہی لیکن یہ غیر یقینی تھا کہ وہ کب تک زندہ رہیں گے۔ ہینکوک کو بتادیا گیا تھا وہ ساری زندگی دل کے مسائل میں مبتلا رہیں گے۔

واضح رہے کہ پچھلا ریکارڈ امریکی شہری ڈیلبرٹ ڈیل میک بی کے پاس تھا جو 2015 میں اپنے آپریشن کے بعد 41 سال اور 63 دن زندہ رہے اور 90 سال کی عمر میں انتقال کیا۔