امریکا میں دنیا کے واحد بےداغ زرافے کی پیدائش

نیشویل: امریکی ریاست ٹینیسی کے ایک چڑیا گھر میں عجیب و غریب زرافے کی پیدائش ہوئی ہے جس کی جلد پر عام زرافوں کی طرح دھبے بالکل بھی نہیں ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق چڑیا گھر کے حکام نے اس نایاب زرافے کی پیدائش کا اعلان کیا اور انہوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں یہ  ابھی دنیا کا واحد بے داغ  زرافہ ہے۔

لائم اسٹون کے برائٹس زو کی انتظامیہ نے کہا کہ جیسے ہی مادہ زرافے کی پیدائش ہوئی تھی عملے نے جلد ہی اس بات کا اندازہ لگا لیا کہ یہ بچہ انفرادیت کے لحاظ سے سب سے الگ ہے۔

چڑیا گھر کے ڈائریکٹر ڈیوڈ برائٹ نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق اس سے قبل 1972 میں جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے ایک چڑیا گھر میں ایسا زرافہ پیدا ہوا تھا جس کا نام توشیکو رکھا گیا تھا۔

چڑیا گھر نے یہ بھی بتایا کہ زرافے کیلئے چار ناموں پر غور کیا جارہا ہے جو کہ یہ ہیں: کیپکی، فریالی، شکیری اور جمیلہ۔ اس کیلئے شہریوں سے ممکنہ ناموں پر ووٹ ڈالنے کے لیے کہا جائے گا۔