سمندروں کو صاف کرنے والی ’ماحول دوست جل پری‘

ایسٹونیا: 32 سالہ تیراک، میرلے لائی وینڈ ایک جانب تو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی سند یافتہ ہیں تو ساتھ ہی وہ سمندروں سے کوڑا کرکٹ بھی جمع کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں ’ماحول دوست‘ جل پری کہتے ہیں۔

ایسٹونیا سے تعلق رکھنے والی، میرلے لائی وینڈ تیرتے وقت دونوں پیروں کو ایک چپونما پر میں پھنساتی ہیں۔ پہلے مرحلے میں انہوں نے 14 گھنٹے 15 منٹ تک میامی کے پانیوں میں لگ بھگ 31 میل کا سفر طے کیا۔ اس سے قبل 2019 میں انہوں نے کیلیفورنیا کے سمندر میں 10 کلومیٹر تیرنے کا مرحلے طے کیا تھا۔ وہ ہر 10 ماہ بعد مزید 10 کلومیٹر کا اضافہ کرتی ہیں۔ یوں اب تک وہ کئی ریکارڈ بناچکی ہیں۔

میرلے کو راہ میں جو بھی کچرا ملتا ہے وہ اسے جمع کرتی رہتی ہیں۔ ایک مرتبہ انہوں نے تیراکی کا ریکارڈ بنایا اور ساتھ میں 12 کلوگرام کوڑاکرکٹ بھی جمع کرلیا۔ اس کے علاوہ وہ متعدد مقابلوں میں سونے اور چاندی کے تمغوں کے ساتھ کئی اعزازات حاصل کرچکی ہیں۔

پھر 2014 میں انہوں نے ’جل پری تیراکی اسکول‘ بھی قائم کیا، جہاں بچوں کو مونوفِن (دونوں پیروں میں ایک پر پہن کر) تیراکی سکھائی جاتی ہے۔

اس وقت دنیا بھر کے سمندروں میں پلاسٹک کے 50 تا 70 ٹریلیئن چھوٹے بڑے ٹکڑے ہیں جو مائیکروپلاسٹک کے باریک ذرات میں ڈھل کر نقصان کی وجہ بن رہے ہیں۔ اب یہ جانوروں کے ساتھ ساتھ انسانی خون میں بھی شامل ہورہے ہیں۔

اسی لیے ماحول دوست جل پری بن کر میرلے لوگوں کو سمندر صاف کرنے کا شعور بھی دے رہی ہیں۔