پاکستان کے مختلف شہروں سے بجلی بلوں کے خلاف جاری احتجاج میں سوشل میڈیا صارفین بھی پیش پیش ہیں جنہوں نے الیکٹرسٹی بلز کے نام سے ہیش ٹیگ کے ذریعے اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی قیمت عوام کی قوت خرید کے مطابق رکھی جائے اُور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی مالی و انتظامی امور اُور کارکردگی کا احتساب کیا جائے۔
بجلی کی قیمت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا کی معروف ویب سائٹ ایکس (ٹوئیٹر) پر کئی ہیش ٹیگز ٹرینڈ کر رہے ہیں جن میں الیکٹرسٹی بلز سب سے زیادہ مقبول ہے۔
سوشل میڈیا پر اِس عوامی ردعمل پر نظر ڈالتے ہوئے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کس طرح عوام کی حکمرانوں اُور ملک کے سیاسی فیصلہ سازوں سے وابستہ توقعات پوری نہیں ہو رہیں بالخصوص نوجوان نسل بجلی کی قیمت اُور معاشی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے خاطرخواہ اقدامات کا مطالبہ کر رہی ہے جس میں حکومتی اخراجات میں کمی، سرکاری ملازمین کو مفت بجلی کی فراہمی اُور سرکاری دفاتر میں بجلی کی بچت مہم کا آغاز کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
صارفین نجی بجلی گھروں سے کئے گئے معاہدوں پر بھی نظرثانی چاہتے ہیں جس کی وجہ سے حکومت کو مہنگے داموں بجلی مل رہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی ایک تعداد جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاج کی کال دینے کی حمایت بھی کر رہی ہے تاہم کوئی بھی حکومتی نمائندہ یا ادارہ سوشل میڈیا کے اِن ہزاروں پیغامات کا جواب نہیں دے رہا۔