دیوارِچین میں کھود کر’شارٹ کٹ‘ بنانے والے دو افراد گرفتار

بیجنگ: چین میں دو افراد باقاعدہ تعمیراتی سامان کے ساتھ پکڑے گئے ہیں جو دیوارِ چین کے ایک حصے میں سوراخ بناکر شارٹ کٹ نکالنے کی کوشش کررہے تھے۔

صوبہ شانکسی کے ثقافتی اور آثار کے محکمے نے بتایا کہ دو افراد بھاری مشین سے گڑھا کھود رہے تھے۔ یہ گڑھا بتیسویں دیوارِچین کے پاس کھودا جارہا تھا۔ دیوارِ چین کا یہ حصہ 1368 تا 1644 کے عرصے میں منگ کے شاہی عہد میں تعمیر کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق دیوارِ چین کو نقصان پہنچانے میں ایک 38 سالہ مرد اور 55 سالہ خاتون ملوث ہیں۔ تفتیش کے مطابق 24 اگست کو دیوارِ چین کے ایک حصے پر توڑ پھوڑ کے کچھ آثار ملے تو معلوم ہوا کہ شام 4 بجے یہاں کارروائی کی گی تھی۔ یہ دونوں افراد بھی تعمیراتی کمپنی میں کام کرتے ہیں اور دیوار میں سوراخ کرنے کا مقصد ایک راستہ بنانا تھا تاکہ وہ اپنے کام کی جگہ پرآسانی سے پہنچ سکیں۔

افسوسناک بات یہ ہے کہ دیوار کو اس طرح سے توڑا گیا ہے کہ وہ قابلِ مرمت نہیں رہی ہے۔

دیوارِ چین ایک عجوبہ تعمیر ہے جو مختلف سلطنتوں میں بنائی گئی ہے جس کی کل لمبائی 13000 میل ہے۔ 1987 میں اقوامِ متحدہ نے اسے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا تھا۔