خاتون نے شہد کی زخمی مکھی کو گود لے لیا، ویڈیو وائرل

لندن: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اب تک 50 لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔ اس ویڈیو میں ایک خاتون نے شہد کی ایک بڑی لیکن زخمی مکھی کو اٹھایا جو پرواز سے قاصر تھی۔ اس کے لیے تازہ پھول پیش کئے اور ایک چھوٹا سا گھونسلہ نما غار بھی بنایا۔ یہ ویڈیو تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔

کیتھرینا ویلن نامی خاتون کی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بمبل بی رینگتے ہوئے ان کے جوتے پر چڑھ جاتی ہے اور اڑنے سے قاصر ہے۔ خاتون نے مکھی کے سامنے پھول رکھ دیا جس نے فوری طور پر رس پی لیا اور زردانے بھی کھائے۔ اس کے بعد خاتون نے اس کے لیے چینی والا پانی بنایا جسے وہ پینے لگی اور مکھی کے آرام کے لیے غار نما گھر بھی تیار کیا۔

کئی ہفتوں تک کی روداد کیتھرینا نے ویڈیو میں پیش کی ہے۔ جس کی پہلی ویڈیو 21 اگست کو بنائی گئی تھی۔ مکھی کو ’میٹھا مٹر‘ (سویٹ پی) کا نام دیا گیا تھا جس کے سامنے روزانہ تازہ پھول رکھے جاتے ہیں۔ آرام کے لیے ایک غار نما کمرہ بنایا گیا ہے اور یوں مکھی کیتھرینا سے مانوس ہوچکی ہے۔

شہد کی بڑی مکھی مشکل سے چار ہفتے تک زندہ رہتی ہے تاہم تین ہفتوں سے اپنی مالکن کے پاس ہے اور تندرست ہے۔ وہ اب بھی اپنے فالوورز کو مکھی کے شب و روز سے آگاہ کرتی رہتی ہیں۔

کیتھرینا کی ویڈیو ٹک ٹاک پر دسیوں لاکھوں کی تعداد میں دیکھی گئی ہے تاہم اب انہوں نے اسے یوٹیوب پر بھی پوسٹ کیا ہے۔